تازہ ترین
آج شام 5 بجے سے 10 بجے تک اور کل 5 بجے سے رات 11 بجے تک موبائل سگنل آف رہینگے .
Friday, August 28, 2020
حکومتی وفد نے محرم الحرام میں بین المسالک بھائی چارہ کیلئے اسماعیلی ریجنل کونسل کے صدر فدا علی ایثار اور دیگر سے ملاقات کی۔
گلگت(پ۔ر) نگران وزیر اعلی گلگت بلتستان میر افضل کی خصوصی ہدایت پر حکومتی وفد نے محرم الحرام میں بین المسالک بھائی چارہ کیلئے اسماعیلی ریجنل کونسل کے صدر فدا علی ایثار اور دیگر سے ملاقات کی۔ وفد میں وزیر جنگلات مولانا سرور شاہ، وزیر زراعت شوکت رشید، وزیر تعلیم و تعمیرات عبد الجہان، وزیر معدنیات جوہر علی راکی اور ترجمان وزیر اعلی فیض اللہ فراق شامل تھے۔ وفد نے مرکزی جماعت خانہ گلگت میں اسماعیلی ریجنل کونسل کے اراکین سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر جنگلات مولانا سرور شاہ نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعلی گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں قائم پائدار امن کو مزید آگے بڑھانے کیلئے آئے ہیں اور جس طرح اسماعیلی ریجنل کونسل نے ہر دور میں گلگت بلتستان میں امن کے قیام کیلئے مربوط کوششیں کرتے ہوئے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے وہ تاریخ کا روشن حوالہ ہے۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ ہمیں امن کو صرف ضرورت نہیں بلکہ مقصد حیات بنا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ محرم کا مہینہ صبر، امن، بھائی چارہ اور سچ اور جھوٹ میں تفریق کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی بساط سے بڑھ کر علاقے میں امن کے حوالے سے کوششیں کرے گی مگر بطور اس خطے کے فرزند ہمیں مل کر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فرائض کا تعین کرنا چاہئے۔ اسماعیلی ریجنل کونسل کے صدر الواعظ فدا علی ایثار نے اس موقع پر حکومتی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تشریف آوری کو بہتر ماحول اور بھائی چارے کی جانب ایک قدم قرار دیا، انہوں نگران وزیر اعلی میر افضل کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میر افضل ایک امن پسند اور علاقے سے محبت رکھنے والی شخصیت ہیں موصوف پہلے خود چل کر ہمارے پاس آئے تھے اور اب حکومتی وفد بھیج کر ہمارے حوصلے بلند کئے ہیں۔ فدا علی ایثار نے حکومتی اقدامات کی بھی تعریف کی اور حکومت کے ساتھ تمام اچھے اور مثبت امور پر ساتھ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا اسلام میں معمول کی عبادات سے امن کے قیام کیلئے کوششیں زیادہ افضل ہیں۔ گلگت بلتستان ایک گھر کے مانند ہے ، یہاں کے باسیوں کو یہ ادارک ہونا چاہئے کہ گھر کا ماحول پرامن رکھنے کیلئے برداشت اور اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے وجود کو قبول کریں۔ اختلاف معاشرے کا حسن ہوتے ہیں جبکہ مخالفت دلیل سے عاری رویہ ہے جہاں سے نفرتیں جنم لیتی ہیں۔ محرم الحرام کا مہینہ مسلمانوں کی تاریخ کا وہ دورانیہ ہے جس میں اسلام کی سربلندی ہوئی ہے۔ اس مہینے کی حرمت کو سمجھتے ہوئے واقعہ کربلا کی اصل روح کو اجاگر کریں۔۔۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment